عمران کے ارد گرد لوگ حکومت چلنے نہیں دے رہے: شجاعت

February 19, 2020

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کہتے ہیں کہ کوشش ہے کہ حکومت چلے مگر عمران خان کے ارد گرد لوگ حکومت کو چلنے نہیں دے رہے۔

جدہ میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں، چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں۔

انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کو بھی میں نے یہی مشورہ دیا تھا، پنجاب میں حکومت سازی کے لیے نون لیگ کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں۔

سربراہ ق لیگ نے کہا کہ یہ بھول جائیں کہ ہم کسی سازش کے ذریعے پنجاب میں اقتدار چاہتے ہیں، کسی سازش کا حصہ بنیں گے اور نہ کسی کو ایسا کرنے دیں گے۔

یہ بھی پڑھیئے: ’وزیر اعظم کو سعودیہ سے واپسی پر اہم مشورہ دوں گا‘

جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کے خلاف آرٹیکل 6 لگائے جانے کی باتوں کے حوالے سے چوہدری شجاعت نے واضح کیا کہ مولانا کے دھرنے کے دوران چوہدری پرویز الٰہی نے حکومت کی طرف سے یقین دہانی کرائی تھی۔