یوم پاکستان کے موقع پر ڈیلس میں کلچر ڈے کا انعقاد

April 02, 2016

راجہ اختر خانزادہ ......یوم پاکستان کے موقع پر امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر ڈیلس میںپاکستان کلچر ڈے منایا گیا جس واحد علن فقیر،سجاد علی،محمد اختر مہروی،گلوکارہ مائی نمانی اور دیگر نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ڈیلس میں پاکستانی کمیونٹی کی نمائندہ تنظیم پاکستانی امریکن ایسوسی ایشن آف ٹیکساس(پیٹ)سائوتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ نے مل کر DFWمیں واقع 3یونیورسٹیوں یوٹی آرلنگٹن،یوٹی ڈیلس اور یونیورسٹی آف نارتھ ٹیکساس (UNT)میں موجود پاکستانی اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن ،سندھی ایوسی ایشن آف نارتھ ٹیکساس (سنا)قراقرام تھنکر فورم گلگت بلتستان کے اشتراک سے یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کلچر ڈے کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستانی لوک فنکاروں نے اپنے بھر پور فن کا مظاہرہ کر کے ایونٹ یاد گار بنا دیا

کلچر ڈے میںپاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی اور اضافی کرسیاں لگانے کے باوجود کئی لوگوں نے کھڑے ہو کر پروگرام دیکھا اور محظوظ ہوئے۔پروگرام میں ثقافتی رنگ نمایاں اور بھر پور طریقے سے نظر آیا اور تمام پاکستانی سندھی ،بلوچی،پشتو،پنجابی اور اردو زبانوں میں قومی ملی اور لوک گیتوں پر محو رقص ہوئے ۔

پاکستان سے آنے والے گلوکاروں جس میں واحد علن فقیر،سجاد علی،محمد اختر مہروی،گلوکارہ مائی نمانی اور دیگر نے بھر پور طریقہ سے رنگ جمایا اور وہاں موجود افراد کو جھومنے پر مجبور پر دیا،ہر عمر کے افراد اس ثقافتی پروگرام سے محضوض ہوئے جس میں گیتوں پر رقص کے ذریعے خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر سائوتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ کے سیکرٹری سید فیاض حسن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب سے پاکستان کا قیام عمل میں آیا بد قسمتی سے آمریتی یلغار نے پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ۔انہوں نے کہا کہ جمہوری عمل ہی پاکستان کی ترقی اور ترویج کا ضامن ہے لہذا ہمیں کوشش کرنی چاہیے کہ جمہوری روایات کو ترقی دیں اور ایک دوسرے کے حقوق پر غاصب ہونیوالی قوتوں کا ملکر مقابلہ کریں ۔

تقریب کی نظامت کے فرائض نازیہ خان نے اور Psaیونیورسٹی آف آرلنگٹن کے صدر سید فواد اختر نے سر انجام دئیے اس موقع پر پروگرام منعقد کرنے والی تنظیموں کی جانب سے مشترکہ طور پر پاکستان کمیونٹی کیلئے اعلیٰ خدمات کے اعتراف میں فن ایشیاء کے مالک جان حامد اور سنیئر صحافی راجہ زاہد اختر خانزادہ کو ایوارڈ بھی دئیے گئے ،اس موقع پر پاکستان امریکن ایوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جاوید اجمل نے کہا کہ فن ایشیاء ہمیشہ کمیونٹی کیلئے خدمات میں پیش پیش رہا ہے اور عنقریب ہمارا دفتر پارک پلازہ میں قائم کیا جا ئے گا ۔

قبل ازیں کزمت بینڈ نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا جبکہ پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کے لیے تلاوت منیب من سالم نے کی،تقریب کے دوران سندھی،بلوچی،پشتو،پنجابی نغمات پر وہاں موجود لڑنے اور لڑکیوں نے زبردست بھنگڑے ڈالے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے بلند کرتے ہوئے پاکستان سے اپنی محبت کا بھر پور اظہار کیا۔ تقریب میں سنا کے صدر جمیل دائود ،سائوتھ ایشیاء ڈیموکریسی واچ کے صدر آفتاب صدیقی سمیت دیگر رہنمائوں نے شرکت کی