کراچی میں ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کیلئے موثر انتظام نہیں، جماعت اسلامی

February 22, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر ) کیماڑی میں زہریلی گیس کے باعث ہلاکتوں کے خلاف جماعت سلامی کے تحت مظاہرہ کیا گیا،جس میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی ،امیر جماعت اسلامی ضلع غربی محمد اسحاق خان اور ساجد خان نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی ملک کا معاشی حب ہے لیکن کراچی جیسے بڑے شہر میں ایمرجنسی صورت حال سے نمٹنے کے لئے کوئی موثر انتظام نہیں،زہریلی گیس کے حوالے سے عوام میں خوف و ہراس پا یا جاتا ہے،واقعے سے متعلق شکوک و شبہات دور نہیں کئے گئے،زہریلی گیس سے ہلاک ہونے افراد کے لواحقین اوردیگر متاثرین مارے مارے پھر رہے ہیں،انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی جانب سے اب تک کوئی کیمپ نہیں لگایا گیا جبکہ زہریلی گیس سے بچاؤ کے بارے میں عوام کو آگاہی نہیں دی گئی ہے،ترقی یافتہ ممالک میں اس طرح کی ہنگامی صورت حال اور حادثات سے نپٹنے کے لئے تیز ترین علاج کی سہولتیں موجود ہوتی ہیں لیکن پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں کوئی موثر ایمرجنسی سروس موجود نہیں جو کہ حکومتی بے حسی اور عدم توجہ کا واضح ثبوت ہے،انہوں نے واقعے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین کے لئے امدادی رقم کی جلد از جلد فراہمی اور متاثرین کے علاج معالجے کا مطالبہ کیا ہے۔