آج کا دن میرے لیے بہت بڑا ہے، ڈیرن سیمی

February 22, 2020

آج کا دن میرے لیے بہت بڑا ہے، ڈیرن سیمی

پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ آج کا دن میرے لیے بہت بڑا ہے، پاکستان کی اعزازی شہریت میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں کامیابی کے بعد ڈیرن سیمی کا کہنا تھا کہ ویاب ریاض نے اچھی بولنگ کی، ڈیبیو کرنے والے نوجوان بولر نے بھی عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں مکمل پی ایس ایل کا انعقاد اچھی بات ہے۔

ڈیرن سیمی نے پاکستان کی اعزازی شہریت کو اپنے لیے اعزاز قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن میرے لیے بہت بڑا ہے۔

واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے ویسٹ انڈین کرکٹر ڈیرن سیمی کو پاکستان کی اعزازی شہریت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیہ کے مطابق صدر مملکت عارف علوی 23 مارچ کو ڈیرن سیمی کو پاکستان کا اعلیٰ ترین سول اعزاز ’نشان پاکستان‘ اور پاکستان کی اعزازی شہریت دیں گے، یہ فیصلہ ڈیرن سیمی کی پاکستان کرکٹ کیلئے خدمات کے اعتراف میں کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ڈیرن سیمی پاکستان آنے پر راضی ہونے والے ابتدائی کھلاڑیوں میں سے ایک تھے اور انہوں نے دنیا میں پاکستان کو کرکٹ کیلئے ایک محفوظ ملک قرار دینے کی مہم میں اہم کردار ادا کیا تھا۔