روس کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلا رہا ہے، امریکا

February 23, 2020

امریکی حکام نے الزام لگایا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متعلق غلط اطلاعات پھیلانے کے پیچھے روس کا ہاتھ ہے۔

غیرملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی حکام کا کہنا ہے کہ روس سے تعلق رکھنے والے ہزاروں سوشل میڈیا اکاؤنٹس نے مشترکہ مہم شروع کی ہے جس میں یہ کہا جارہا کہ کورونا وائرس کو دنیا میں پھیلانے میں امریکا کا ہاتھ ہے، مہم کا مقصد دنیا بھر میں امریکا کی شناخت کو متاثر کرنا ہے۔

حکام کا کہنا تھا کہ روس کی جانب سے سوشل میڈیا پر مختلف زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق تشویش پھیلائی جارہی ہے۔

سوشل میڈیا کے کچھ اکاؤنٹس میں یہ بھی غلط دعویٰ کیا جارہا ہے کہ کورونا وائرس امریکی ایجنسی سی آئی اے کا تیارہ کردہ بیالوجیکل ہتھیار ہے جس سے امریکا چین کے خلاف معاشی جنگ لڑرہا ہے۔

امریکی حکام کے مطابق روسی مہم کی وجہ سے کورونا وائرس کے خاتمے کے لیے عالمی کوششوں کو نقصان پہنچا ہے۔

دوسری جانب عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس پرقابو پانے کے امکانات کم ہو رہے ہیں، متاثرہ ممالک وبا کا پھیلاؤ روکنے کے لیے مزید وسائل صرف کریں۔

ڈبلیو ایچ او کے ڈاکٹر ٹیڈروس کے مطابق چین سے باہر 26 ممالک میں کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 1152 ہو چکی ہے جبکہ مجموعی طور پر 8 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔