حالات بہتر، معین علی کو انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان کی امید

February 23, 2020

حالات بہتر، معین علی کو انگلش ٹیم کے دورۂ پاکستان کی امید

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ میں ملتان سلطانزکے انگلش آل راؤنڈر معین علی کاکہنا ہےکہ پاکستان سےیادیں وابستہ ہیں۔ ٹورنامنٹ کے بعد آزاد کشمیر جاؤں گا۔ انگلینڈ میں پیدا ہوا لیکن اپنی فیملی کے ساتھ پاکستان آیا ہوا ہوں، آزاد کشمیر میں میری والدہ پیدا ہوئی تھیں۔ عوام یہاں کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں، کھلاڑیوں کے لیے بھی یہ ایک اچھا موقع ہے کہ پاکستان میں کرکٹ ہو رہی ہے اور وہ اس کا حصہ ہیں۔ پاکستان کے حالات میں بہتری آئی ہے، امید ہے انگلینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی، اس حوالے سے پہلے ہی بات چیت کا سلسلہ جاری ہے، انگلینڈ کے علاوہ دوسرے ممالک کی ٹیمیں بھی ایسا سوچ رہی ہیں کہ پاکستان کا دورہ کریں۔ ہفتے کو آل راؤنڈر معین علی نے لاہور قلندرز کے خلاف عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک ہی اوور میں قلندرز کے خطرناک بیٹسمین کرس لین اور فخر زمان کو آئوٹ کر دیا جس کے بعد ملتان سلطانز کی ٹیم میچ پر حاوی ہو گئی اور انہوں نےبیٹسمینوں کو کھل کر نہ کھیلنے دیا۔ انہوں نے کہا کہ کرس لین اور فخر زمان اچھی بیٹنگ کر رہے تھے،کرس لین ایک خطرناک بیٹسمین ہیں، ان کی وکٹ لینا ایک بہت بڑا لمحہ تھا، ایک ہی اوور میں وکٹیں لینے سے گیم کا نقشہ تبدیل ہو گیا، اس کے بعد عمران طاہر اور شاہد آفریدی نے اچھی بولنگ کی، ٹورنامنٹ کے آغاز میں ہی جیت ملنا اچھی چیز ہے۔ معین علی نے کہا کہ تقریباً 15 برس کے بعد پاکستان آیا ہوں، اب مجھے لگا کہ یہ مناسب وقت کے پاکستان آکر کھیلوں، مشتاق احمد اور اینڈی فلاور نے بھی مجھے پاکستان آنے کے لیے بہت کہا، میں خود بھی اس حوالے سے پوچھتا رہتا تھا۔ یہاں آنا بڑی بات سمجھتا ہوں، میری نانی کی پیدائش بھی پاکستان کی ہی ہے۔ پاکستان سپر لیگ کو ایک کوالٹی لیگ قرار دیتے ہوئے معین علی نے کہا کہ پی ایس ایل کے بارے میں دنیا بھر میں لوگ ذکر کرتے ہیں، دنیا کے کرکٹرز یہاں آکر لیگ کھیل رہے ہیں، ہم کرکٹرز چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کرکٹ واپس آئے، ٹیسٹ، ون ڈے اور سب فارمیٹ پاکستان میں ہوں۔ پاکستان کرکٹ کھیلنے کے لیے ایک شاندار جگہ ہے، یہاں کرکٹ کا بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے، مکمل پی ایس ایل کا اس ملک میں ہونا بہت بڑا کارنامہ ہے اور اس کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں۔ آل راؤنڈر نے کہا کہ10 کے قریب انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کرکٹرز پی ایس ایل کے لیے موجود ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ہم یہاں آکر کھیلنے میں دلچسپی رکھتے ہیں اور اب انگلینڈ کی ٹیم یہاں آئے گی تو میں اس کا بھی حصہ ہوں گا۔