اسکرپٹ دیکھ کر پروجیکٹ کی پیشکش قبول کرتی ہوں، کنزا ہاشمی

February 25, 2020

کراچی (ایجنسیاں) معروف اداکارہ کنزا ہاشمی نے کہا ہے کہ چیلنج سے بھرپور کردار ادا کرنا پسند ہے،ا سکرپٹ دیکھے بغیر آفر قبول نہیں کرتی، اگرچہ محبت کے بغیر دنیا بے رنگ ہے تاہم ارینج میرج کروں گی۔ ایک انٹرویو میں چھوٹی اسکرین کی بڑی اداکارہ کنزا ہاشمی نے کہا کہ مجھے ایسے کردار پسند ہیں جو چیلنج سے بھرپور ہوں۔ انہوں نے کہا کہ خود کوا سکرین پر کافی عرصے تک دیکھنے کے بعد بھی یقین نہیں آ رہا کہ یہ میں ہی ہوں۔ کنزا ہاشمی نے کہا کہ مجھے اداکاری کا ہمیشہ سے بہت شوق تھا اس لیے اسے بطور پروفیشن اپنا لیا۔ کنزا ہاشمی نے کہا کہ میں نے محبت کی اور مجھے محبت پر یقین بھی ہے، محبت کے بغیر تو دنیا میں سب بے رنگ ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں کنزا ہاشمی نے کہا کہ میں ارینج میرج کرنا پسند کروں گی اورخواہش ہے جس سے میری شادی ہو وہ ایک محنتی انسان ہو۔ کنزا ہاشمی نے مزید کہا کہ ہر انسان کو اپنی اداکاری اچھی تو لگتی ہی ہے لیکن مجھے اپنے علاوہ سوہائے علی ابڑو، سجل علی اور مہوش حیات کی اداکاری بہت پسند ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ مجھے جب بھی کسی پروجیکٹ کی پیش کش ہوتی ہے تو میں سب سے پہلے اس کا اسکرپٹ دیکھتی ہوں اور کسی بھی پروجیکٹ کو قبول یا رد کرنے کی وجہ اس کا اسکرپٹ ہی ہوتا ہے۔