نئے اضلاع کو ترقی یافتہ کےبرابرلانے کیلئے کوشاں ہیں،وزیرزادہ

February 26, 2020

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہا ہے کہ نئے ضم شدہ اضلاع کو دیگر ترقیافتہ اضلاع کے برابر لانے کے لیے پختونخوا حکومت سرگرم ہے، وزیراعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی قیادت میں قبائلی اقلیتوں کی محرومیاں ختم کرنے کے لیے پر عزم ہیں، قبائلی اضلاع کے اقلیتی نوجوانوں کو ہنر مند بنانے اور ان کے ٹیلنٹ کو مزید نکھارنے پر 25 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی نے محکمہ اقلیتی امور اور خیبرپختونخوا ٹیکنیکل ایجوکیشن اور ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی کے مابین مفاہمتی یادداشت کی دستخطی تقریب کے موقع پر کیا۔تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی ولسن وزیر، روی کمار سمیت سیکرٹری اوقاف، حج، مذہبی اور اقلیتی امور فرخ سیر، ڈپٹی سیکرٹری علی رضا، ایم ڈی کے پی ٹیوٹا سجاد علی خان، ڈائریکٹر ٹیوٹا صادق اورکزئی اور متعلقہ افسران شریک تھے۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق نئے ضم شدہ اضلاع کے 1875 مرد اقلیتی نوجوانوں کو تین سال کے دوران 25 قسم کے مختلف ٹیکنیکل شارٹ کورسز کروائے جائیں گے۔ جبکہ خواتین کے لیے مخصوص ووکیشنل ٹریننگ دی جائے گی۔وزیر زادہ نے کہا کہ سابق ادوار میں پختونخوا کی اقلیتوں کو نظر انداز کیا گیا ہے لیکن تحریک انصاف کے دور میں اقلیتوں کو اوپر اٹھانے اور با اختیار بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں اقلیتوں کے لیے ایڈمشن کوٹہ 2 فیصد مختص کر نے پر کام کر رہے ہیں جبکہ سرکاری نوکریوں میں اقلیتوں کے لیے مختص کوٹہ پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہے ہیں۔