کورونا وائرس سے اٹلی اور ایران میں ہلاکتوں میں اضافہ

March 05, 2020


چین کو کورونا پر قابو پانے میں کامیابی مل رہی ہے تاہم اٹلی اور ایران میں کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہورہا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اٹلی میں ایک ہی روز میں مزید 28 افراد کورونا کا شکار ہو کر چل بسے اس طرح مجموعی طور پر مرنے والوں کی تعداد 107 ہوگئی ہے، اس سے پہلے اٹلی میں 79 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ دوسری جانب ایران میںہلاکتیں 77 سے بڑھ کر 92 ہوگئی ہیں۔

یورپ کے تین اور اہم ملکوں جرمنی، فرانس اور اسپین میں بھی کورونا کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے۔ کورونا وائرس کے پیش نظر اٹلی میں تمام اسکول اور جامعات 15 مارچ تک بند کردی گئی ہیں جبکہ لندن کا سالانہ کتاب میلہ منسوخ کردیا گیا۔

کورونا سے دنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 252 مریض جان سے جا چکے ہیں جبکہ کورونا سے متاثر افراد کی تعداد تقریبا 95 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے اور 51 ہزار 433 صحت یاب ہو چکے ہیں۔

عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کے تصدیق شدہ کیسز میں سے 3 اعشاریہ 4 فیصد کی اموات ہوئی ہیں جو موسمیاتی فلو سے ہونے والی شرح اموات سے تو زیادہ ہے تاہم کورونا وائرس پر قابو پایا جا سکتا ہے۔