کورونا سے بچاؤ، قوت مدافعت کو بڑھانے والی غذائیں

March 07, 2020

چین کے شہر ووہان سے شروع ہونے والا کورونا وائرس اب دُنیا کے کئی ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آگیا ہے اور اِس وائرس سے اب تک دُنیا بھر میں 3495 افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں جبکہ ایک لاکھ 2 ہزار سے زائد افراد بیمار ہوئے ہیں اور 56 ہزار مریض اب تک صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹرز کے مطابق کورونا وائرس سے وہ شخص ہی بچ سکتا ہے جس کی قوت مدافعت مضبوط ہو اور قوت مددافعت کو بڑھانے کی بات کی جائے تو اِس کے لیے وٹامن سی سے بھرپور غذاؤں کا انتخاب کیا جاتا ہے۔

کورونا وائرس سے بچنے کے لیے اور قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے یہاں کچھ خاص غذاؤں کا ذکر ہے جن کے استعمال سے ہم اِس وائرس سے بچ سکتے ہیں۔

قوت مدافعت بڑھانے والی غذائیں:

آملہ:

ڈاکٹرز کے مطابق آملہ وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے اور اِس میں اینٹی آکسیڈنٹ کی خصوصیات بھی موجود ہوتی ہیں جو ہماری قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد کرتی ہے۔

اگر آپ اپنی روزانہ کی غذا میں آملہ کو شامل کرلیں تو اِس سے آپ کورونا وائرس سے دور رہیں گے۔

آپ آملہ کو مختلف طریقوں سے استعمال کرسکتے ہیں جیسے صبح ناشتے میں آملہ کھا سکتے ہیں اور آملے کا اچار بھی کھاسکتے ہیں۔

تُلسی اور ادرک کی چائے:

تُلسی اور ادرک کی چائے کو نزلہ زکام اور کھانسی سے بچنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہےاور کہا جاتا ہے کہ تُلسی اور ادرک کی چائے پینے سے قوت مدافعت بھی بڑھتی ہے۔

اِس چائے کے بنانے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے حساب سے پانی لے کر اُس کو اُبال لیں اور پھر اُس اُبلتے ہوئے پانی میں چند پتے تُلسی کے، ایک ٹکڑا ادرک کا اور حسب ذائقہ کالی مرچ ڈال کر پکالیں۔ آپ کی تُلسی اور ادرک والی چائے تیار ہے۔

شہد، تُلسی اور ادرک:

قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے شہد، تُلسی اور ادرک کا ایک آمیزہ بھی کھایا جاتا ہے، اِس آمیزے کو تیار کرنے کا طریقہ یہ ہے کہ آپ تُلسی کے پتے اور ادرک لے کر پیس لیں جب یہ دونوں اجزاء اچھی طرح پس جائیں تو اِس میں شہد ملا لیں۔

اِس کے استعمال کا طریقہ یہ ہے کہ آپ روزانہ اِس آمیزے کو ایک چمچ صبح اور شام میں کھائیں۔

ہلدی والا دودھ:

ہلدی والا دودھ بہت سی بیماریوں سے بچنے کے لیے ایک قدیم علاج ہے، ہلدی والے دودھ کو جوڑوں کے درد میں بھی پیاجاتا ہے اور اگر آپ کو اپنا کوئی زخم یا سوزش ٹھیک کرنی ہے تو اِس صورت میں بھی ہلدی والا دودھ پینے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

ہلدی والے دودھ کا ایک فائدہ یہ بھی ہے کہ اِس دودھ کو پینے سے آپ کی قوت مدافعت بھی بڑھتی ہے لہٰذا اگر آپ کورونا وائرس سے بچنا چاہتے ہیں تو ہلدی والا دودھ اپنی غذا میں شامل کرلیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 6 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، جن میں تین کا تعلق سندھ، دو کا وفاق اور ایک کا گلگت بلتستان سے ہے، سندھ سے تعلق رکھنے ایک مریض کی صحتیابی کے بعد اس وقت بھی ملک میں پانچ مریض زیرعلاج ہیں۔