ملک کے 19 داخلی راستوں پر کورونا کی اسکریننگ جاری، محکمہ صحت

March 10, 2020

ملک کے 19 داخلی راستوں پر کورونا کی اسکریننگ جاری، محکمہ صحت

محکمہ صحت حکومت پاکستان نے ملک بھر کے 19داخلی راستوں پر کورونا وائرس کی تشخیص کےلیے اسکریننگ کی خصوصی مشینیں لگادیں۔

محکمہ صحت کے مطابق ملک کے تمام داخلی راستوں پر کورونا کے حوالے سے اسکریننگ جاری ہے، جہاں وزارت صحت اور این آئی ایچ سے تربیت یافتہ عملہ تعینات ہے۔


محکمہ صحت کے مطابق اسکریننگ میں جسم کےدرجہ حرارت اور کیس ہسٹری کے مطابق کسی بھی فرد کو مشتبہ قراردیاجاتا ہے۔

حکومت پاکستان اب تک تقریباً 9لاکھ افرادکو اسکریننگ کے عمل سے گزار چکی ہے جبکہ مختلف لیبارٹریز میں کورونا کے حوالے سے360 افراد کے سیمپل چیک کئےگئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ملک میں کل تک کورونا وائرس کے16کیسز سامنے آئے جن میں سے3 کا وفاق اور 13 کا تعلق سندھ سے ہے۔

لاہور ائر پورٹ پر بھی اسکریننگ کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ اب تک لاہور پہنچنے والے کسی مسافر میں کورونا کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

ائیر پورٹ ذرائع کے مطابق بیرون ملک سے آنے والے تمام مسافروں کو اسکریننگ کے بعد لاونج سے باہر جانے کی اجازت دی جارہی ہے جبکہ مسافروں کے سامان پر بھی اسپرے کیا جارہا ہے۔