میک اپ کرنا بھی ایک آرٹ ہے

March 11, 2020

قدسیہ فیصل

یہ بات تو ہر خاتون جانتی ہے کہ میک اپ کرنا ایک فن ہے، جس طرح مصور اپنی تصویر کو خوبصورت رنگوں سے بناتا ،سنوارتا ہے، اس کی نقاشی اس کے خیالات کی عکاسی کرتی ہے۔ یہی ایک مصور کا فن کہلاتا ہے ،بالکل اسی طرح میک اپ کرنا بھی ایک فن ہے ۔اس میں وقت اور زمانے کے ساتھ خوبصورتی ،نکھار ،جدت اور نت نئے ٹرینڈز متعارف ہوتے رہتے ہیں ،مگر میک اپ میں چند چیزیں ایسی ہوتی ہیں ،جو میک اپ کا مجموعی تاثر پیدا کرتی ہیں ۔آج ہم آپ کو ان بنیادی چیزوں کے بارے میں بتا رہے ہیں ،ان پر عمل کرکے میک اپ کو لگائیں چار چاند ۔

بلینڈنگ

اس سے مراد یہ ہے کہ میک اپ کرنے کی کوئی بھی چیز لگائیں اور اس کو اچھے سے بلینڈ کریں۔ مثلاً بلش آن لگائیں تو بلینڈ کریں، تاکہ وہ لکیر کی مانند نظر نہ آئے۔ بلکہ چہرے کی ساخت کو واضح کرے۔ لپ اسٹک لگائیں تو برش سے اچھی طرح برابر کریں یا ہونٹوں کو دبا کر سطح پرلگائیں ،فائونڈیشن بھی جلد اور موسم کی مناسبت سے لگائیں ،مگر اچھی طرح جذب کریں، تاکہ فاؤنڈیشن چہرے پر ماسک کی طرح نہ لگے بلکہ رنگت کو نکھارے ،گردن اور چہرہ ایک سا لگے ،آنکھوں کے گرد حلقوں کو کنٹورنگ کر کے چھپائیں ۔اس بات کا خیال لازمی رکھیں کہ رنگوں کا انتخاب اپنی رنگت کی مناسبت سے کریں۔ اکثر دو شیڈ مل کر اچھا شیڈ دیتے ہیں (لگانے سے قبل ہاتھ کی اوپری جلد پر لگا کر دیکھ لیں)۔

ہائی لائٹنگ

ہائی لائٹنگ میں چہرے کے مختلف حصوں کو ہلکے شیڈ کی مدد سے اُبھارا جاتا ہے۔ ہائی لائٹنگ اور شیڈونگ سا تھ ساتھ کی جاتی ہے، شیڈونگ میں چہرے کے بد نما خدو خال کو چھپا یا جاتا ہے، جب کہ ہائی لائٹنگ میں ابھارے جاتے ہیں، تاکہ میک اپ خوبصورت ہو، ہائی لائٹنگ میں عموماً سنہرے یا ہلکے شیڈز کا استعمال ہوتا ہے۔مثلاً ناک کی ہڈی کو ابھارے کے لیےہلکا گولڈن شیڈ لگائیں۔ گالوں کو ابھارنے کی لئے ہائی لائٹر لگائیں۔ اس سے چہرے کی ساخت واضح ہو جاتی ہے۔

شیڈنگ

فائونڈیشن کے بعد چہرے کی شیڈنگ کی باری آتی ہے۔ اسے کرنے کے لیے اس کی تیکنیک معلوم ہونا ضروری ہے ۔شیڈنگ کو کاسمیٹک سر جری بھی کہا جاتا ہے ۔یعنی چہرہ اگر چھوٹا یا چوڑا ہے تو اس کے دونوں طرف شیڈنگ کر کے اسے لمبا کیا جاسکتا ہے ۔اگر آپ کی ٹھوڑی قدرے بھاری ہے تو گردن اور جبڑے کے نچلے حصے پر شیڈنگ کرکے اس کو کم کیا جاسکتا ہے ۔شیڈنگ کے لیے کاسمیٹکس کمپنیوں نے مختلف ناموں سے مصنوعات بھی تیار کی ہے ،جب کہ اس مقصد کے لیے بلش آن یا بلش اپ بھی استعمال کیا جاتا ہے۔

لیکن یہ یاد رکھیں کہ بلش آن کا شیڈ فائونڈیشن کے مقابلے میں تھوڑا گہرا ہونا چاہیے اور شیڈنگ اس طرح کرنی چاہیے کہ فائونڈیشن اور بلش آن کے درمیان کوئی فر ق نہ رہے ۔ شیڈنگ چہرے کے کچھ حصوں پر کی جاتی ہے ۔اس کے لیے مہارت کی ضرورت ہوتی ہے۔ میک اپ کی زبان میں شیڈنگ سے مراد آئی شیڈ نہیں بلکہ وہ طریقہ ہے، جس کے ذریعے چہرے کے نقوش ابھار کر انہیں خوبصورت بنایا جاتا ہے۔ میک اپ آرٹسٹ وقت اور موقع کی مناسبت سے اس طریقے پر عمل کرتے ہیں۔

مثلاً دن کی روشنی میں ہلکے شیڈززیادہ اچھے لگتے ہیں، جب کہ رات کے وقت گہرے شیڈززیادہ اچھا تاثر دیتے ہیں، مگر وقت کو مدنظر رکھتے ہوئے شیڈزکا استعمال کرنا چاہیے۔موٹی ناک کی حامل خواتین ناک کی ہڈی کے دونوں اطراف شیڈنگ کریں ۔اس طرح ناک ،پتلی اور کھڑی نظر آئے گی ۔چپٹی ناک چہرے پر کچھ اچھا تاثر نہیں دیتی ہے،مگر آپ شیڈنگ کرکے چپٹی ناک کو بھی خوب صورت کر سکتی ہیں ۔چپٹی ناک کے درمیان کی ہڈی کے دونوں طرف شیڈنگ کرنے سے ہڈی ابھری ہوئی نظر آئے گی ۔اس کی شیڈنگ کے لیے روئی کے ایک ٹکڑے کو ہلکا سا گیلا کر کے شیڈنگ کو ہلکا ہلکا سا صاف کرلیں ،تا کہ مصنوعی پن کا احساس نہ ہو ۔موٹی ناک کی حامل خواتین نتھوں کے اوپرشیڈنگ کریں۔ اس طر ح سے ناک پتلی نظر آئے گی۔

لیکن اگر ناک لمبی اورنوکیلی ہے تو ناک کی ہڈی کے اوپر شیڈنگ کریں ۔بالکل اسی طرح گردن کو سڈول بنانے کے لیے گردن کے دونوں طرف شیڈنگ کریں ۔بعض خواتین کی جو لائن کافی بھاری ہوتی ہے جو چہرے کے مجموعی تاثر کو بد نما کر تی ہے ۔اس لیے جو لائن کی شیڈنگ سے چہرے پر بیضوی اثر ڈالا جاتا ہے ،شیڈنگ جولائن کے دو یا تین انچ نیچے تک کریں ۔بعدازاں تھوڑا سا فائونڈیشن لگائیں اور شیڈنگ پر ہلکے ہاتھ سے ملیں ،تا کہ کوئی واضح لکیر نظر نہ آئے ۔ اگرآپ کی ٹھوڑی بہت نمایاں ہے تو پوری ٹھوڑی پر شیڈنگ کریں اور برش کو اس کے نیچے تک لے جائیں،شیڈنگ سے دہری ٹھوڑی بھی کم کی جاسکتی ہے،دہری ٹھوڑی کم کرنے کے لیے شیڈنگ اس کے نیچے سے شروع کرکے گردن کی طرف لے جائیں۔بعض خواتین کا ماتھا بہت چوڑا ہوتا ہے،اور کنپٹیوں کی ہڈی بھی اُبھری ہوتی ہیں۔ شیڈنگ سے ان دونوں کو ٹھیک کیا جاسکتا ہے ۔

مسکرانے سے ناک اور منہ کے درمیانی حصے میں لکیریں پیدا ہوتی ہیں،اگر آپ کے چہرے کے اس حصے پر گوشت زیادہ ہے تو اس کی بھی شیڈنگ کریں، مگر شیڈنگ کے سرے کو فاؤنڈیشن کے ساتھ لازمی ملائیں ،تا کہ یہ دیکھنے میں اچھا تاثر دے ۔شیڈنگ راتوں رات نہیںآسکتی بلکہ اس کے لیے کافی پریکٹس کرنی پڑتی ہے ۔میک اپ کرتے ہوئے آپ کو چہرے کے نقوش اور عمر کو مد نظر رکھتے ہوئے طر یقہ اپنا ناچاہیے ۔