حکومتی محکموں میں مؤثر سزا و جزا کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں، وزیراعظم

April 25, 2024

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہحکومتی محکموں میں مؤثر سزا اور جزا کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔

وزیرِاعظم کی زیرِصدارت بجلی شعبے کی اصلاحات کے جائزے کے حوالے سے اجلاس ہوا۔

وزیرِاعظم نے بجلی کے ترسیلی نظام، نیشنل ٹرانسمیشن اور ڈسپیچ کمپنی کی اصلاحات و تنظیم نو کی منظوری دی۔

وزیرِاعظم نے سفارشات کو حتمی شکل دینے، اصلاحات و تنظیمِ نو کا اطلاق یقینی بنانے کےلیے کمیٹی قائم کردی۔

وزیرِاعظم نے بجلی کے شعبے کی اصلاحات کا نفاذ یقینی بنانے کےلیے وزیرِاعظم آفس میں سیل قائم کردیا۔

وزیرِاعظم نے کم بجلی خرچ کرنے والے پنکھوں کو کم آمدن والے صارفین کو فراہم کرنے کےلیے جامع پلان بھی طلب کر لیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ صنعتی شعبے کو کم نرخوں پر بجلی فراہم کرنے کےلیے بھی ایک جامع لائحہ عمل پیش کیا جائے۔

انکا کہنا تھا کہ ہر ماہ بجلی کے شعبے کی اصلاحات کے نفاذ پر جائزہ اجلاس کی خود صدارت کرونگا۔ صنعتی ترقی اور برآمدات بڑھانے کےلیے صنعتوں کو کم لاگت پر بجلی کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔

وزیرِاعظم نے کہا کہ حکومتی محکموں میں مؤثر سزا اور جزا کے نظام کے بغیر اصلاحات ممکن نہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزرا اسحاق ڈار، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللّٰہ تارڑ اور سردار اویس لغاری شریک ہوئے۔

مصدق ملک، عبدالعلیم خان، سابق وزیر بجلی محمد علی، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان سمیت چیئرمین ایف بی آر، چیئرمین نیپرا اور ارکان قومی اسمبلی بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔