عالمی ادارہ صحت اسلام آباد کے وفد کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

March 12, 2020

عالمی ادارہ صحت اسلام آباد کے وفد کا کراچی ایئرپورٹ کا دورہ

عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندے ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے جمعرات کی شب جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کراچی کا دورہ کیا اور وہاں پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

اپنے دورے کے دوران ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپس کا دورہ کیا اور مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

اس موقع پر دی نیوز سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر پالیتھا کا کہنا تھا کہ وہ کراچی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافروں کی اسکریننگ کے انتظامات سے مطمئن ہیں اور انہوں نے اسکریننگ کرنے والے عملے کو ان کی کاوشوں پر سراہا ہے۔

ڈاکٹر پالیتھا کا مزید کہنا تھا کہ انہوں نے صوبائی اور وفاقی حکام کو اسکریننگ کے حوالے سے چند تجاویز بھی دی ہیں لیکن انہیں اطمینان ہے کہ کراچی ائیرپورٹ پر کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے کافی تسلی بخش انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی جانب سے لگائے گئے اسکریننگ کیمپس کے ساتھ ساتھ سندھ حکومت کی جانب سے عارضی طور پر بنائے جانے والے آئسولیشن رومز کا بھی معائنہ کیا۔

اس موقع پر ان کے ساتھ عالمی ادارہ صحت کے سندھ میں ذیلی آفس کی نمائندہ ڈاکٹر سارہ سلمان سمیت صوبائی محکمہ صحت کے حکام بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر پالیتھا ماہی پالا جمعہ کے روز کراچی میں چند بڑے اسپتالوں کے آئسولیشن وارڈز اور سہولیات کا جائزہ لیں گے جبکہ وہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں بھی کریں گے اور کورونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیں گے۔