جاپان، بڑے بجٹ کی فلم ’جاپانیز کنکشن ‘کی شوٹنگ مکمل

March 18, 2020

جاپان کے مختلف شہروں میں جاری معروف اداکار ڈائریکٹر اور پروڈیوسر تنویر جمال کی بڑے بجٹ کی فلم جاپانیز کنکشن کی شوٹنگ مکمل ہوگئی ہے ۔

جنگ سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے تنویر جمال نے کہا کہ ان کی فلم ڈرگ مافیا کے خلاف ایک خوبصورت اور دلچسپ کہانی پر مبنی فلم ہے جس میں معروف اداکاروں نے بہترین کام کیا ہے.

تنویر جمال نے بتایا کہ اس فلم کے مرکزی کرداروں میں تیمور خان، مائرہ خان، اور دیگر اہم ادا کار شامل ہیں جبکہ اس فلم میں جاپان کی معروف کاروباری شخصیت اور پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین نے بھی دلچسپ کردار نبھایا ہے جو شائقین کو بے حد پسند آئے گا۔

تنویر جمال نے بتایا کہ فلم کی کہانی دو بچپن کے دوستوں پر مشتمل ہے جس میں ایک دوست بڑا پولیس آفیسر بن جاتا ہے اور دوسرا دوست حالات کی بدولت ڈرگ ڈیلر بن جاتا ہے اور ایک وقت دونوں ایک دوسرے کے مقابل آجاتے ہیں۔

تنویر جمال کے مطابق یہ فلم ملک میں جاری ڈرگ مافیا کے خلاف بہترین ہتھیار ثابت ہوگی، فلم کے بجٹ کے حوالے سے تنویر جمال نے بتایا کہ فلم کا بجٹ 8 کروڑ تک پہنچ گیا ہے کیونکہ اس فلم کا بڑا حصہ جاپان جیسے مہنگے ملک میں شوٹ کیا گیا ہے جبکہ فلم میں جیگوار اور مرسڈیز بینز جیسی گاڑیوں کو تباہ کیا گیا ہے جبکہ تین ہفتے تک بیس سے زائد افراد نے جاپان میں شوٹنگ میں حصہ لیا ہے لہذا امید کرتے ہیں کہ فلم کمرشل سینما پر بڑی کامیابی حاصل کرے گی۔

ایک سوال کے جواب میں تنویر جمال نے بتایا کہ کئی ادارے ہماری اس فلم کو اپنے بینر تلے ریلیز کرنے کے لیے آگے آئے ہیں تاہم امید ہے کہ یہ فلم جیو کے بینر تلے پورے پاکستان میں ریلیز کی جائے گی جبکہ اسے جاپان میں بھی جاپانی زبان میں ڈب کرکے ریلیز کیا جائے گا۔

اس موقع پر جنگ سے بات کرتے ہوئے فلم کا مرکزی کردار ادا کرنے والے ہیرو تیفور خان نے کہا کہ فلم کی کہانی انتہائی دلچسپ تھی اور کوشش کی ہے کہ اپنے رول کے ساتھ بھرپور انصاف کرسکوں امید ہے کہ پاکستان میں یہ فلم بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

فلم میں ہیروئن کا کردار ادا کرنے والی معروف اداکارہ مائرہ خان نے کہا کہ یہ ان کی پانچویں فلم ہے جبکہ فلم کی کہانی نے انہیں اتنا متاثر کیا کہ وہ فلم میں کام کرنے سے انکار ہی نہ کرسکیں پھر اتنے بڑے بجٹ کی فلم اور تنویر جمال جیسے بڑے اداکار اور ڈائریکٹر کے ساتھ کام کرکے بہت انجوائے کیا ہے، توقع ہے کہ یہ فلم پاکستان میں ٹرینڈ سیٹ کرے گی اور کامیابی کے جھنڈے گاڑے گی۔

مائرہ خان نے کہا کہ جاپان میں گزارے گئے دن انہیں زندگی بھر یاد رہیں گے یہ ان کا تیسرا دورہ جاپان ہے امید ہے مستقبل میں بھی وہ جاپان سے رابطہ برقرار رکھیں گی ۔

مائرہ خان نے فلم میں ولن کا کردار ادا کرنے والے جاپان کی معروف شخصیت رانا عابد حسین کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ رانا عابد حسین بہترین ادا کار ہیں ان کے ساتھ کام کرنے کا بہت مزہ آیا، ان کے اندر بہت ٹیلنٹ موجود ہے امید ہے وہ مستقبل میں اداکاری کا سفر جاری رکھیں گے۔