اورنج لائن میٹرو ٹرین 23مارچ کوچلانے کاوعدہ پورا نہ ہوسکا

March 23, 2020

لاہور(سپیشل رپورٹر) اورنج لائن میٹرو ٹرین آج 23مارچ کو چلانے کا وعدہ پورا نہ ہو سکا،صوبائی حکومت نئی تاریخ کا اعلان کرنے سے گریز کر نے لگی ۔ سپریم کورٹ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے گزشتہ سال دس دسمبر کو اورنج لائن میٹروٹرین ڈیرہ گجراں سے علی ٹاؤن تک آزمائشی طور پر چلائی جس میں صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی، پنجاب حکومت کے خصوصی مشیر ڈاکٹر سلمان شاہ سمیت اہم شخصیات سوار تھیں اور اس موقع پر اعلان کیا گیا کہ اورنج ٹرین 23مارچ کو شروع ہو گی ۔ لیسکو ذرائع نے بتایا کہ لیسکو ماہرین کی دو رکنی ٹیم نے ایکسین اشفاق احمد ملک کی سربراہی میں اورنج لائن میٹرو ٹرین منصوبہ کے لئے شنگھائی میں فائبر آپٹیکل کیبل کا تکنیکی معائنہ مکمل کر کےانسپیکشن کلیئر نس سرٹیفکیٹ جاری کر دیا ، فائبر آپٹیکل کے لئے چینی ماہرین کی مدد طلب کی گئی لیکن کرونا وائرس کی وجہ سے ان کی آمد کا پروگرام منسوخ ہو گیا،اورنج لائن منصوبہ کے لئے ٹیلی پروٹیکشن سسٹم کی تنصیب بھی باقی ہے ، کورونا وائرس کی وجہ سےملتان روڈ اور انجنیئر نگ یونیورسٹی گرڈ سٹیشنوں پر بجلی کا کام کرنے والے چینی انجنیئر بھی واپس روانہ چلے گئے جس وجہ سے مقررہ تاریخ کو ٹرین نہ چل سکی۔چیف انجنیئر ٹرانسمیشن اینڈ گرڈ لیسکو ہیڈ کوارٹر احمد فواد نے کہا کہ اورنج لائن میٹرو کے لئے تمام کام مکمل کر چکے ہیں اور بجلی کی ترسیل جاری ہے ،ہماری طرف سے ٹرین چلانے میں کسی قسم کی تاخیر نہیں ہو رہی ۔