حالیہ چھٹیوں کو کیسے کارآمد بنایا جائے؟ ماہر تعلیم کی رائے سامنے آگئی

March 23, 2020

حالیہ چھٹیوں کو کیسے کارآمد بنایا جائے؟ ماہر تعلیم کی رائے سامنے آگئی

ماہر تعلیم سید عابدی نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے والدین اور بچے ہر وقت اکٹھے ہیں، ایسے میں تعلیم پر توجہ دی جانی چاہیے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں ماہر تعلیم سید عابدی نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچوں کا تعلیمی اور امتحانی عمل متاثر ہوا ہے، جس کے بہر حال نقصان ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ والدین بچوں کے انڈور کھیل کے انتظام کے بعد ایسا شیڈول ترتیب دیں کہ ان کی مضامین کی تعلیم اور دوہرائے جانے کا عمل جاری رہے۔

سید عابدی نے یہ بھی کہا کہ وہ طالب علم جن کے پاس کمپیوٹر، لیپ ٹاپ یا آئی پیڈ کی سہولت موجود ہے، ان کےلیے ای لرننگ کے بہت سارے مواقع نیٹ پر موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ماہرین تعلیم نے کہا کہ اس وقت ہم ڈیجیٹل پاکستان میں رہ رہے ہیں، موجودہ حالات میں تعلیم کے حوالے حکومتی ٹیم یقیناً کارآمد ایپس پر کام کررہی ہوں گی، بہرحال اس میں ٹائم لگے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جدید (آن لائن) تعلیم کے سرکاری اور نجی ادارے موجود ہیں، جنہیں متحرک کیا جاسکتا ہے، اس حوالے سے میڈیا کو بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔

سید عابدی نے مزید کہا کہ آن لائن تعلیم و تربیت کے لیے پروگرام ترتیب کیا جاسکتا ہے، جس میں ہر لیول کی کلاس کے لیے ٹائم مختص کیا جاسکے۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی صورتحال پیدا ہوچکی ہے، اسکولوں میں بے وقت چھٹیاں بھی دی جاچکی ہیں جبکہ امتحانات کا عمل شدید متاثر ہوچکا ہے۔