ملک میں پیٹرول کی طلب میں 40 فیصد سے زائد کمی

March 27, 2020

ملک میں کورونا وائرس کے وجہ سے پیٹرول کی طلب میں 40 فیصد اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی طلب میں 50 فیصد سے زائد کی کمی ہوئی ہے۔

اس بات کا انکشاف وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرِ صدارت کابینہ کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس میں وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے دی گئی بریفنگ میں ہوا ہے۔

وفاقی وزراء عمر ایوب، علی زیدی، شیخ رشید، معاونِ خصوصی ندیم بابر، مشیرِ خزانہ حفیظ شیخ نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کی سرکلر ڈیبٹ کی رپورٹنگ میں شفافیت کو برقرار رکھنے کیلئے نیپرا کو اقدامات کی ہدایت کی گئی۔

اجلاس میں پاکستان میں انرجی مارکیٹ میں اصلاحات کے لیے پاور ڈویژن کی کارگردگی کی رپورٹ پیش کی گئی۔

وفاقی وزیر اسد عمر نے ہدایت کی کہ توانائی مارکیٹ میں اصلاحات کا عمل وقت پر مکمل کیا جائے، نئے مسابقتی مارکیٹ نظام کی تشکیل میں انڈسٹری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی جائے۔

یہ بھی پڑھیئے: پیٹرول آج سے 15 روپے فی لیٹر سستا

انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ نئے مسابقتی مارکیٹ نظام پر متعلقہ ادارے باقاعدگی سے رپورٹ کابینہ کمیٹی کو دیں۔

وزارتِ پیٹرولیم نے اجلاس کو کورونا وائرس کے پیٹرول کی طلب پر اثرات سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے پیٹرول مصنوعات سے متعلق اقدامات سے آگاہ کییا۔

وزارت منصوبہ بندی کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کابینہ کمیٹی نے متعلقہ وزارت کو ملکی اسٹوریج صلاحیت بڑھانے کی ہدایت کی ہے۔