مدین میں فوت ہونیوالے شخص کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر پورے علاقے کو قرنطینہ قرار دیدیا گیا

March 28, 2020

مدین (نمائندہ جنگ)سوات کے علاقے مدین میں فوت ہونیوالے شخص کا کروناٹیسٹ مثبت آنے پر پورے علاقے کو قرنطینہ قراردے کرعلاقے کے تمام داخلی وخارجی راستوں پر پولیس تعینات کرکے بند کردیا گیا، پولیس ذرائع کے مطابق مدین کے علاقے شہید بابا کا رہائشی نور محمد ولد تاج محمد جسے فالج کا اٹیک ہونے پر سی ایم ایچ مردان علاج کے لئے منتقل کیا گیاتھا اور وہیں پر اس کی موت واقع ہوگئی تھی اور جسے بعد میں آبائی علاقے مدین لاکر دفن کیا گیا تھا،شک کی بناء پر متوفی کا کرونا ٹسٹ کیا گیا جو مثبت آنے پر حکام نے اے سی سکندر خان، ڈی ایس پی مدین عطاء اللہ خان اور میڈیکل ٹیم نے علاقے کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لینے کے بعد پورے علاقے کو مکمل لاک ڈاؤن کرنے کا حکم دیا، پولیس حکام نے علاقہ شہید بابا کے تمام داخلی اور خارجی راستے بند کردئے ہیں اور کسی کو بھی وہاں داخل ہونے کی اجازت نہیں جب کہ ٹی ایم اے حکام نے متاثرہ علاقے شہید بابا میں حفاظتی سپرے بھی کیا ہے۔