پاک فضائیہ کے سربراہ ایک ماہ کی تنخواہ کورونا فنڈ میں عطیہ کرینگے

March 28, 2020

کراچی (جنگ نیوز)سیاستدانوں اور عام شہریوں کے بعد اب پاک فضائیہ نے بھی کورونا امدادی فنڈ میں اپنا حصہ ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان حکومت کی جانب سے اس وبائی مرض سے لڑنے کے لیے قائم کردہ فنڈ میں اپنی ایک ماہ کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔ملکی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے ، ائیر اسٹاف کی سطح پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ پاک فضائیہ کے تمام افراد اس فنڈ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ائیر چیف کے علاوہ، ائیر کموڈور ، ائیر وائس مارشل اور ائیر مارشل عہدوں کے افسران اپنی تین دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔پائلٹ آفیسر رینک سے گروپ کیپٹن تک اپنی دو دن کی تنخواہ اس فنڈ میں دیں گے۔ ان کے ساتھ ساتھ ائیرمین اور سویلین عملہ بھی اپنی ایک دن کی تنخواہ کورونا ریلیف فنڈ میں جمع کرائیں گے۔