سندھ ہائیکورٹ، جیلوں میں کورونا کا پھیلائو روکنے سے متعلق رپورٹ طلب

March 28, 2020

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے سندھ بھر کی جیلوں میں کورونا وائرس سے بچنے کے حوالے سے اقدامات کرنے سے متعلق درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جیلوں میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق کئے اقدامات کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مزید سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی ہے۔ جمعہ کو سندھ ہائی کورٹ میں سندھ بھر کی جیلوں میں کرونا وائرس سے بچنے کے حوالے سے اقدامات کرنے سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواست معروف گلوکار شہزاد رائے کے زندگی ٹرسٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔درخواست گزار کے وکیل شہاب اوستو کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ معزز چیف جسٹس سندھ نے پہلے ہی معمولی جرائم میں ملوث 829 قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دیے چکے ہیں ، کورونا وائرس کا جیلوں میں پھیلاؤ روکنے کے لیے قیدیوں کی مکمل اسکریننگ کرائی جائے ،وزیر اعلی سندھ نے جیلوں کی صورتحال کا نوٹس لیا ہے ،جیلوں میں قیدیوں کی تعداد اس قدر زیادہ ہے کہ اگر کرونا وائرس پھیلا تو نتائج انتہائی خطرناک ہونگے۔عدالت نے جیلوں میں کرونا وائرس کا پھیلاؤ روکنے سے متعلق کئے اقدامات کی رپورٹ طلب کرلی ۔عدالت نے آئندہ سماعت پر سندھ حکومت اور آئی جی جیل خانہ جات سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ عدالت نے ہدایت جاری کی ہے کہ بتایا جائے کہ جیلوں میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سے متعلق کیا اقدامات کئے گئے ہیں۔