ڈپٹی کمشنر کا اڈیالہ جیل کا دورہ‘ کورونا وائرس سے متعلق اقدامات کا جائزہ

March 28, 2020

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کیپٹن (ر) انوار الحق نے سنٹرل جیل راولپنڈی کا دورہ کیا۔ انہوں نے جیل میں کورونا وائرس سے متعلق کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا۔ سینئر سپرنٹنڈنٹ جیل ثاقب نذیر چوہدری ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ملک محمد اکرم اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر انوار الحق نے جیل انٹری پوائنٹ پر کورونا وائرس فرنٹ ڈسک کا معائنہ کیا اور سکریننگ مشین، سینی ٹائزر، ماسک، گلوز اور دیگر احتیاطی اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے جیل میں نوعمر وارڈز، خواتین وارڈز اور جیل ہسپتال کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر جیل ہسپتال میں قائم کورونا آئیسولیشن سنٹر کا معائنہ کیا جہاں پر انہوں نے کورونا وائرس کی ادویات اور حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ بعدازاں انہوں نے جیل میں قائم قرنطینہ سنٹر کا معائنہ کیا اور وہاں پر کورونا وائرس سے متعلق انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے جیل حکام کی جانب سے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات اور کاوشوں کو سراہا۔