فرانس حکومت اٹلی کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہے: ایمانوئل میکرون

March 28, 2020

فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کا کہنا ہے کہ اٹلی کے لوگوں کو امداد کے لئے چین یا روس کی طرف دیکھنے کی ضرورت نہیں فرانس حکومت آپ کی ہر ممکن مدد کےلئے موجود ہے۔

ایمانوئل میکرون نے اٹلی کے اخبارات کو خصوصی انٹرویو میں کہا کہ اطالویوں کو کورونا وائرس سے لڑنے کے لئے چین یا روس کی امداد کے بارے میں بات کرنے سے محتاط رہنا چاہئے۔

میکرون نے بتایا کہ فرانس اٹلی کے ساتھ ہے، چینی یا روسی امداد کے بارے میں بہت سی باتیں ہو رہی ہیں ، لیکن ہم یہ کیوں نہیں کہتے ہیں کہ فرانس اور جرمنی نے 20 لاکھ ماسک اور گاؤن اٹلی کو پہنچائے ہیں؟

انہوں نے بتایا کہ ہمیں معلوم ہے یہ کافی نہیں ہے لیکن یہ صرف ایک آغاز ہے اور ہمیں اپنے بین الاقوامی شراکت داروں اور حریفوں کی باتوں سے گھبرانا نہیں چاہئے۔

ایمانوئل میکرون کا کہنا تھا کہ اٹلی دنیا بھر میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملکوں میں سے ایک ہے، فرانس اور جرمنی شدید تنقید کا نشانہ بنے جب انہوں نے شروع میں اس وباء سے نمٹنے میں مدد کے لئے چہرے کے ماسک اور دیگر سامان مہیا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ میں خود غرض اور منقسم یورپ نہیں چاہتا، یورپ کو فخر اور مضبوط محسوس کرنا چاہئے، مجھے ابھی ایک فکر لاحق ہے اور وہ یہ ہے کہ اس بیماری سے انسانوں کو کیسے بچانا ہے۔