پاکستان کا سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان

March 28, 2020

پاکستان کا سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان

پاکستان نے اپنی مشرقی و مغربی سرحدیں مزید 2 ہفتے کے لیے بند کرنے کا اعلان کردیا۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے نیشنل سیکیورٹی معید یوسف نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ 14 مارچ کو قومی سلامتی کمیٹی نے ملکی سرحدیں 14 دن کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا، یہ مدت آج مکمل ہورہی تھی، تاہم رابطہ کمیٹی نے گزشتہ روز کے اجلاس میں اس میں مزید توسیع کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایران، افغانستان اور بھارت کے ساتھ سرحدیں آئندہ 14 روز (11 اپریل) تک بند رہیں گی، اس میں کرتار پور راہدری بھی شامل ہے۔

معید یوسف نے مزید کہا کہ اس دوران سرحدوں پر تجارت کے ساتھ مسافروں کی آمد و رفت پر بھی پابندی عائد ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی پورٹس پر کاروباری سرگرمیاں جاری ہیں، جو جاری رہیں گی، ان پر اسکریننگ کا عمل قائم رکھنے کے ساتھ مزید مضبوط کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک سے پاکستان آمد پر پابندی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ کل سے 4 اپریل تک ملک سے پروازوں کے باہر جانے پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کےلیے انتظامات کیے تھے، تھائی لینڈ میں پھنسے پاکستانی آج خصوصی پرواز سے لوٹ آئیں گے، یہ آخری قافلہ ہے۔

معید یوسف نے کہا کہ ڈومیسٹک فلائٹ آپریشن ملک بھر میں بدستور معطل رہے گا۔