پنجگور سے آنے والے 92 افراد کو میرپورخاص سے باہر روک لیا گیا

March 30, 2020

میرپورخاص(نامہ نگار)پاک ایران سرحدی علاقے میں واقع بلوچستان کے شہر پنجگور سے آنے والے 92 مزدوروں کے قافلے کومیرپورخاص میں داخل ہونے سے قبل روک لیا گیا۔اطلاعات کے مطابق میرپورخاص ضلع کے تعلقہ کوٹ غلام محمد کے مختلف علاقوں میں رہائش پزیر 92افراد جو محنت مزدوری کے لیئے مبینہ طور پربلوچستان کے علاقے پنچگور گئے ہوئے تھے، کوروناوائرس کے پیش نظر قافلے کی شکل میں براستہ کراچی وایا حیدرآباد واپس آرہے تھے کہ ہفتہ کی شام انہیں میرپورخاص شہر میں داخل ہونے سے قبل باہر روک لیا گیا،جہاں پولیس اورقانون نافذ کرنے والے ادارے کی نگرانی میں محکمہ صحت کے عملے کی جانب سے ان کے معا ئنے کاکام جاری ہے،بتا یا جاتا ہے کہ محکمہ صحت کے عملے کے پاس مکمل حفاظتی اور ٹیسٹ کٹس نہیں ہیں،آنے والے بعض مزدوروں کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ وہ ایران بھی گئے تھے،تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔بتایا جاتا ہے کہ معا ئنے کا کام مکمل ہونے کے بعد مزدوروں کی منتقلی سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔