علمائے کرام کا میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر دکھ کا اظہار

March 31, 2020

علمائے کرام کا میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر دکھ کا اظہار

علمائے کرام نے بھی چیئرمین، پرنٹر اور پبلشر جنگ گروپ میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شعبہ صحافت میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

میر جاوید رحمٰن کے انتقال پر معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی، مفتی نعیم، مفتی منیب الرحمٰن، علامہ ساجد نقوی، علامہ حامد موسوی و دیگر نے گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

مفتی تقی عثمانی نے میرجاوید رحمٰن کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرجاوید رحمٰن میں دین کی خدمت کا جذبہ تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میر جاوید رحمٰن کا اس وقت جانا امت کےلیے نقصان ہے، اس خلا کو پر کرنا آسان نہیں۔

ممتاز عالم دین مفتی نعیم کا کہنا تھا کہ میر جاوید رحمٰن نے ہمیشہ حق سچ عوام تک پہنچایا، ان کی صحافتی و قومی خدمات ناقابل فروش ہیں۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مفتی منیب الرحمان نے کہا کہ جنگ اخبار کا صحافت میں اہم کردار رہا ہے، میر صحافت میر خلیل الرحمان نے اپنے پورے خاندان کو صحافت کے لیے وقف کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ میر جاوید رحمٰن نے تکالیف بھی اٹھائیں، جنگ اور جیو نے آزادی صحافت کے لیےتکالیف برداشت کیں، قربانیاں دیں۔

مفتی منیب الرحمٰن نے کہا کہ میر شکیل الرحمان قید و بند میں ہیں، اعلیٰ انسانی اقدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے میر شکیل الرحمان کو رہا کیا جائے۔

علامہ ساجد علی نقوی کا کہنا تھا کہ میر جاوید رحمٰن کی شعبہ صحافت میں خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

علامہ حامد علی موسوی نے کہا کہ میر جاوید رحمان نے اپنے والد میر خلیل الرحمان کی معاونت کا حق ادا کر دیا۔