پیرس، پاکستانی سفارت خانے میں پاکستانیوں کیلئے امدادی مہم کا آغاز

April 02, 2020

فرانس میں کورونا وائرس کی روک تھام کے پیش نظر سخت لاک ڈاؤن ہونے کی وجہ سے پاکستان کے سفارت خانہ نے مشکلات کا شکار پاکستانیوں کیلئے امدادی مہم کا آغاز کر دیا۔

اس سلسلے میں پیرس میں پاکستان کے سفارت خانے نے اُن پاکستانیوں کی امداد کیلئے راشن تقسیم کرنے کی مہم کا آغاز کیا ہے جنہیں فرانس میں لاک ڈاؤن کے باعث مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

فرانس میں متعین پاکستان کے سفیر معین الحق نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سفارت خانہ پاکستانی کمیونٹی ایسوسی ایشنز اور مقامی مخیر تنظیموں کے ساتھ مل کر ضرورت مند لوگوں میں اشیاء خور و نوش کی اشیاء تقسیم کرے گا۔

پاکستانی کمیونٹی کے وہ اراکین جنہیں اشیائے خورد و نوش کی ضرورت ہو براہ مہربانی اِن نمبروں 014562232 اور 0637281541پر رابطہ کریں یا سفارت خانہ کی ویب سائٹparepparismofa.gov.pk یاconsularpakembparis.comسے رجوع کریں۔

سفیر پاکستان نے پاکستانی کمپنیوں، تنظیموں اور سماجی کارکنوں کا شکریہ ادا کیا جو اس کار خیر میں سفارت خانہ کا بڑھ چڑھ کرساتھ دے رہی ہیں۔