عمران خان خود سیاسی قرنطینہ کا شکار ہیں‘ لیاقت بلوچ

April 05, 2020

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان خود سیاسی قرنطینہ کا شکار ہیں وہ خود دیوار سے لگ چکے ہیں اور کام ریاست نے سنبھال لیا ہے۔ ملک کا اقتصادی بحران بدترین ہوچکا ہے حکمران نئے عزم کے ساتھ کشکول اٹھانے کو تیار ہیں۔ نادرہ کے ذریعے مستحق لوگوں تک پہنچنا مشکل نہیں ہے مگر حکمرانوں نے امدادی پیکیج کے نام پر کرپشن کا راستہ کھول دیا ہے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن فرقہ واریت‘ لسانیت‘ برادری ازم سے بالا تر ہوکر بیروزگاری کے اس دور میں خدمت کے جذبے کے تحت کام کر رہی ہیں اور لوگوں کے گھروں تک امداد پہنچائی جارہی ہے۔ کیونکہ حکومتی ریلیف پیکیج کا فائدہ عام آدمی تک نہیں پہنچا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مدرسہ جامع العلوم میں جماعت اسلامی و الخدمت فانڈیشن کے امدادی راشن ڈپو کے معائنے کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی‘ تیل‘ گیس پر عائد تمام حکومتی ٹیکس واپس لئے جائیں تاکہ بند صنعتوں کا پہیہ چل سکے اور عوام کو روزگار ملے۔ حکمران اپنی غلطیوں کو چھپانے کیلئے فرقہ پرستی کو ہوا دے رہے ہیں جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ اپوزیشن جماعتوں نے کرونا پر ایک واضح روڈ میپ دیا ہے مگر وزیراعظم اپوزیشن کے ساتھ بیٹھنے کو تیار نہیں ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل کیا گیا وہ عوامی سیاست دان تھے مگر ان کے ورثا نے بھٹو کی سیاست کو لپیٹ دیا ہے۔