حکومتی رویئے سے گیس صارفین کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوگیا‘جمعیت ن

April 05, 2020

کوئٹہ(آئی این پی)جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے سیکرٹری اطلاعات حاجی عبدالستار چشتی‘ ڈپٹی کنوینر حاجی عبیداللہ حقانی، مرکزی معاون حاجی حیات اللہ کاکڑ ودیگر نے کہاہے کہ اکثرعلاقوں میں گیس لوڈشیڈنگ اور کم پریشر کی وجہ سے گھریلو صارفین شدید مشکلات کا شکاراور ترقی کے اس دور میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے لکڑیاں اور سلنڈر جلانے پر مجبور ہیں،انہوں نے کہا کہ گیس انتظامیہ کے رویئے سے عوام کے صبرکاپیمانہ لبریزہوجائے گا‘ حکومت کی کارکردگی انتہائی غیرذمہ دارانہ رہی‘ گیس لوڈشیڈنگ معمول بن چکی ہے۔ بلوچستان کے نمائندوں میں احساس ہوتاتوصوبے کے وسائل اس قدر بے دریغ لوٹے جانے کی کوئی کوشش کامیاب نہ ہونا پاتی۔ انہوں نے کہا کہ گیس لوڈشیڈنگ کا سلسلہ ختم کیا جائے اور عوام کوان مشکلات سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان 70 سال سے محرومیوں کا شکار ہے ‘ احساس محرومی ختم کرنے کے لئے حکومت پہلے عوام کو ان کے حقوق فراہم کرے۔ وفاق کے رویئے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ بلوچستان کو ترقی کرتے ہوئے نہیں دیکھنا چاہتااور وفاق کی جانب سے مسلسل تلخ تجربات کو دہرایا جارہاہے، صرف خوشنمانعروں اورالفاظ کی ہیرپھیرسے صوبے کے عوام کودھوکہ دیا جارہا ہے۔