غریبوں اورمستحقین کیلئےسرکاری راشن کا ٹرک شہریوں نے لوٹ لیا

April 06, 2020

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ضلعی انتظامیہ کی نااہلی‘ غریبوں اور مستحقین کے لئے سرکاری راشن کا ٹرک شہریوں نے لوٹ لیا‘ بغیر منصوبہ بندی اور بغیر سیکورٹی کی وجہ سے غریبوں میں تقسیم کے لئے جانے والا راشن کا ٹرک لوٹ مار کی نظر ہوگیا‘ حسین آباد کے علاقے میں گدوناکہ پٹھان گوٹھ کے قریب علاقہ مکین سامان اتار کر گھروں کو لے گئے۔ تفصیلات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی نااہلی کے باعث راشن سے بھرا ٹرک لوٹ مار کی نظر ہوگیا‘ سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کے بعد غریب اور مستحق شہریوں میں راشن کی تقسیم کا اعلان کیا گیا تھا جس پر ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گزشتہ تین روزسے راشن کی پیکنگ کا کام جاری تھا‘ اتوار کے روز سرکاری راشن سے بھرے ٹرک کو حسین آباد تھانے کی حدود پٹھان گوٹھ گدوناکہ کے مقام پرسینکڑوں علاقہ مکینوں نے لوٹ لیا۔ اطلاع کے مطابق سرکاری راشن سے بھرا ٹرک نیاز اسٹیڈیم میں کھڑا کرنے کے لئے لیکر جارہے تھے جو کہ اگلے روز تیار کردہ لسٹ کے مطابق مستحق شہریوں میں تقسیم کرنا تھا لیکن ناقص منصوبہ بندی اور بغیر سیکورٹی کے منتقلی کے دوران راستے میں ہی سرکاری راشن لوٹ مار کا شکار ہوگیا۔ ایس ایچ او حسین آباد کے مطابق متعلقہ تھانے میں سرکاری راشن کی لوٹ مار کی کوئی رپورٹ درج نہیں کرائی ہے۔