کینٹ، شہریوں نے پانی کی مین لائنوں سے ڈائریکٹ کنکشن لے لئے

April 10, 2020

راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے )کینٹ کی آبادیوں جھاورہ اور کمال آباد وغیرہ میں عملہ کی مبینہ ملی بھگت سے پانی کے 50فیصدغیر قانونی کنکشن کا انکشاف ہوا ہے ، صرف اسی پر اکتفا نہیں کیا گیا بلکہ مین لائنوں سے بھی کئی انچ قطر کے پائپ جوڑ لئے گئے ہیں جس میں عام شہری ہی نہیں بعض سیاسی لوگ بھی ملوث ہیں ۔ راولپنڈی کینٹ بورڈ کے شعبہ انجینئرنگ حکام کے مطابق اٹھارہ انچ کی مین پانی کی لائن کے ساتھ بھی بغیر اجازت لوگوں نے چار اور دو انچ قطر کے کنکشن لگا رکھے ہیں ، بعض ایسی جگہوں سے کنکشن لگائے گئے ہیں جو اب نالوں کے نیچے آگئے ہیں جس کی تلاش محکمہ کیلئے بھی مشکل ہو چکی ہے ، ڈائریکٹ پانی کے کنکشن والے دن میں کئی کئی گھنٹے پانی حاصل کرتے رہتے ہیں جبکہ عام لوگوں کو ایک دن چھوڑ کر پانی فراہم کیا جاتا ہے ۔ حکام کا کہنا تھا غیر قانونی کنکشن منقطع کرنے کیلئے حکمت عملی طے کی جا رہی ہے ، چاہے کوئی کتنا ہی بااثر کیوں نہ ہو مین لائن سے لگا ڈائریکٹ کنکشن کاٹ دیا جائے گا۔