کراچی، پتنگ کی ڈور میں چیل پھنس گئی،پولیس کی مدد سے آزاد

April 10, 2020


کراچی میں لاک ڈاؤن کے دوران پتنگ بازوں کی خونی ڈوریں گردنوں پر پھرنے سے درجن سے زائد شہری تو زخمی ہوچکے ہیں لیکن پی ای سی ایچ سوسائٹی میں دوران پرواز ایک چیل بھی پتنگ کی ڈور میں پھنس گئی اور بری طرح جکڑ کر زمین پر آگری۔

فیروز آباد تھانے کے ایس ایچ او انسپکٹر اورنگزیب خٹک کے مطابق پی ای سی ایچ سوسائٹی میں کورونا وائرس لاک ڈاؤن کی ڈیوٹی دینے والے ان کے تھانے کے عملے نے پتنگ کی ڈور میں بری طرح جکڑ کر زمین پر گری چیل کو ہنگامی امداد دی گئی۔

پولیس کے مطابق یہ چیل دوران پرواز پتنگ کی ڈور سے لپٹ کر زمین پر گئی تھی۔

فیروز آباد پولیس کے اہلکاروں نے ڈور میں جکڑی چیل کو چلتی سڑک سے اٹھایا اور چُھری کی مدد سے ڈور کو کاٹ کر چیل کو آزاد کردیا جو آزاد ہوتے ہی فضا میں اڑ گئی۔

راہ گیروں کی جانب سے پولیس اہلکاروں کے اس اقدام کو سراہا جارہا ہے۔