شاہد آفریدی نےخضدار میں راشن تقسیم کیا

May 02, 2020


پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں کورونا وائرس کے دوران لاک ڈاؤن میں غریب افراد میں راشن تقسیم کیا اور شہریوں سے خطاب بھی کیا۔

شاہد آفریدی نے جناح کمپلیکس کرکٹ اسٹیڈیم میں100 متاثرین میں راشن تقسیم کیا،جبکہ مزید 900 گھرانوں میں ضلعی انتظامیہ خضدار کی مدد سے راشن تقسیم کیا جائے گا۔

انہوںنے متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ کرکٹ کھیلتے تھے، اس وقت بلوچستان کے لوگوں نے انہیں بہت پیار دیا، اس لیے اب اُن کا حق بنتا ہے کہ وہ بلوچستان کے عوام کی مدد کریں۔

سابق کپتان نے مزید کہا کہ شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کی جانب سے مزید امداد بھی تقسیم کی جائے گی اور وہ مستقبل میں بلوچستان کا دورہ کرتے رہیں گے ۔