حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق کے الزامات مسترد کردیئے

May 02, 2020

حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق کے الزامات مسترد کردیئے

اسلام آباد (نمائندہ جنگ)حکومتی ذرائع نے فردوس عاشق اعوان کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیکر مسترد کردیا ہے ۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع کا کہناہے کہ کیا ایسا ممکن ہے کہ وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری کسی کو مستعفی ہونے کا کہیں یا اپنے تئیں انہیں ڈی نوٹیفائی کردیں ۔

ذرائع کے مطابق پرنسپل سیکریٹری کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ‘وہ صرف وزیراعظم کے احکاما ت پہنچانے اور ان پر عملدرآمد کرنے کے پابند ہیں ‘ ذرائع کے مطابق بیوروکریسی ‘صحافی اور سیاستدان فردوس عاشق اور اس بیوروکریٹس کی ساکھ سے اچھی طرح واقف ہیں جن کو سابق معاون خصوصی نشانہ بنا رہی ہیں ۔

اگر میڈیا فردوس عاشق کو ہٹانے کی وجہ جاننا چاہتا ہے تو اس کیلئے سب سے موزوں شخص وزارت اطلاعات کا وہ اعلیٰ ترین عہدیدار ہے جسے فردوس عاشق نے ہٹایاتھا۔

ذرائع کے مطابق فردوس عاشق سے پہلے چینی انکوائری کمیشن کی تشکیل پر جہانگیر ترین نے بھی اعظم خان کو تنقیدکا نشانہ بنایاتھا ۔

ذرائع کے مطابق فواد حسن فواد سمیت دیگر پرنسپل سیکریٹریز پر بھی ماضی میں اسی طرح تنقید ہوتی رہی ہے ۔