پاکستان فلور ملز کا پنجاب میں آٹا مہنگا کرنے کا فیصلہ

May 08, 2020

پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن نے پنجاب بھر میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ کر لیا۔

چیئرمین فلور ملزایسوسی ایشن پنجاب زون عبدالرؤف مختار کا کہنا ہے کہ 20 کلو آٹے کا تھیلا 35 سے 40 روپے مہنگا ہو جائے گا۔

آٹے کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے اجلاس میں کیا گیا، جس میں مرکزی چیئرمین عاصم رضا، عبدالرؤف مختار اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔

عبدالرؤف مختار کے مطابق آٹے کی قیمت میں اضافہ گندم کی قیمت بڑھنے پر کیا جا رہا ہے۔ فلور ملز کو گندم خریداری کی اجازت نہیں دی جا رہی اور فلور ملز کو سرکاری گندم کا کوٹہ بھی بند ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آٹے کے 20 کلو کے تھیلے کی قیمت 40 روپے تک بڑھ جائے گی۔ حکومت فلور ملز کو گندم خریداری کی اجازت دے ورنہ آٹے کی قلت کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔