میرا کا کورونا سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کو خراج عقیدت

May 10, 2020

کورونا سے جاں بحق ہونے والے ہیلتھ ورکرز کو میرا کا خراج عقیدت

پاکستان فلم انڈسٹری کی نامور اداکارہ میرا کی جانب سے کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے اور اِس جنگ میں اپنی جان کی بازی ہارنے والے ڈاکٹرز اور دیگر ہیلتھ ورکرز کو خراج عقیدت پیش کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں اداکارہ میرا نے کورونا کی جنگ کے خلاف لڑنے والے تمام طبی عملے کی ہمت اور بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’عالمی وبا کا خاتمہ کرنے کے لیے ہمارے ڈاکٹرز، نرسز اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف بغیر کسی سہولیات کے قابلِ تعریف کام کر رہے ہیں۔‘


ویڈیو پیغام میں میرا نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر قوم کی حفاظت کرنے والے کورونا کے فرنٹ لائن ہیروز کو سلام پیش کیا۔

اداکارہ نے کہا کہ ’آج اگر ہمارا طبی عملہ بہادری اور ہمت سے کام نہ کرتا تو شاید ہمارے لیے اِس عالمی وبا سے محفوظ رہنا مشکل ہوتا۔‘

آخر میں میرا نے کورونا سے جاں بحق ہونے والے طبی عملے کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’کورونا وائرس کے خلاف جنگ لڑتے ہوئےجو ہمارے ڈاکٹرز اور ہیلتھ ورکرز اِس دُنیا سے رُخصت ہوگئے ہیں میں اُن کو خراجِ عقیدت پیش کرتی ہوں۔‘

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 29 ہزار 465 ہو چکی ہے جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 641 ہو گئی۔