’ماؤں کا عالمی دن‘

May 10, 2020

ماؤں کا عالمی دن

پاکستان سمیت دنیا کے کئی ممالک میں ماؤں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آج اُن کا عالمی دن منایا جارہا ہے۔

اس دن کو منانے کا مقصد محبت کے خالص ترین رنگ کے لیے ماں کے مقدس ترین رشتے کی عظمت و اہمیت کو اُجاگر کرنا اور ماں کے لیے عقیدت، احترام اور محبت کے جذبات کو فروغ دینا ہے۔

عورت کو قدرت نے کبھی بیٹی، کبھی بہو اور کبھی بہن کا روپ عطا کیا لیکن ماں کے درجے پر فائز ہوتے ہی ہر عورت اپنی ذات کو بُھلاتے ہوئے اپنی تمام تر زندگی صرف ماں کے ہی روپ میں دکھائی دیتی ہے۔

دنیا کا ہر رشتہ اپنی محبت کے عوض کچھ نہ کچھ ضرور طلب کرتا ہے لیکن ماں ایک ایسے شجر کا نام ہے جو اپنی اولاد کو پھل بھی دیتی ہے اور چھاؤں بھی فراہم کرتی ہے لیکن کبھی بدلے میں کچھ طلب نہیں کرتی۔

ضرورت اس امر کی ہے کہ سال کا صرف ایک دن اس عظیم و شفقت ہستی کے لیے مخصوص نہ کیا جائے بلکہ ہر روز ماں کے انمول رشتے کوخراج تحسین پیش کرکے اور اس کی خدمت کے ذریعے رب کائنات کو بھی راضی کیا جانا چاہیے۔