سندھ میں کورونا کو شکست دینے کا ریکارڈ قائم، مرتضٰی وہاب

May 13, 2020

ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ عالمی وباء کورونا وائرس کو شکست دینے کا سندھ میں ریکارڈ قائم ہو گیا ہے، چوبیس گھنٹوں کے دوران 607 مریضوں نے کورونا کو شکست دےدی۔

بیرسٹر مرتضی وہاب نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایک دن میں کورونا سے صحتیاب ہونے والوں کی اب تک یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔ ان افراد نے خود کو آئیسولیشن میں رکھ کر کورونا کو مات دی ہے۔

مرتضی وہاب نے کہا کہ پچھلے چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کے پندرہ مریض جان کی بازی ہار گئے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں مہذب قوم کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنی ہیں کیونکہ اپنے اہل و عیال اور خود کو کورونا سے بچانے کا یہ واحد ذریعہ ہے۔

ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کو ماسک پہننے، بار بار ہاتھ منہ دھونے اور سماجی فاصلہ اختیار کرنے کی ترغیب بھی دینی ہے۔

اپنے بیان کے آخر میں مرتضی وہاب نے کہا کہ یاد رکھیئےکورونا وائرس ایک حقیقت ہے تاہم اس کا علاج صرف احتیاط ہے۔