عاطف اسلم کی آواز میں اذان کے بعد ’اسماءالحسنیٰ‘

May 15, 2020

عالمی شہرت یافتہ پاکستان میوزک انڈسٹر ی کے نامور گلوکار عاطف اسلم نے ماہ صیام میں کوک اسٹوڈیو کی مشاورت سے اپنی خوبصورت آواز میں اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ پڑھ کر تمام مسلمانوں کے دِل جیت لیے۔

حال ہی میں نامور گلوکار عاطف اسلم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنی خوبصورت آواز میں پڑھے جانے والے اللّہ تعالیٰ کے 99 نام ’اسماءالحسنیٰ‘ کا یوٹیوب لنک شیئر کیا۔

اِس لنک کو شیئر کرتے ہوئے عاطف اسلم نے لکھا کہ ‘کورونا وائرس کی اِس مشکل گھڑی میں انسانیت سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے اچھے دنوں کی اُمید لیے کوک اسٹوڈیو کے ساتھ مل کر میں نے آپ سب کے لیے ’اسماءالحسنیٰ‘ پڑھے ہیں۔‘

عاطف اسلم کی آواز میں’اسماءالحسنیٰ‘ کو یوٹیوب پر صرف 11 گھنٹوں میں 6 لاکھ سے زائد افراد سُن چکے ہیں اور اِس وقت ٹوئٹر پر بھی پاکستانی ٹاپ ٹرینڈز میں عاطف اسلم کی آواز میں پڑھے جانے والے ’اسماءالحسنیٰ‘ نمبر 4 اور 6 پرموجود ہیں۔

اِس سے قبل عاطف اسلم نے گزشتہ ماہ اپریل میں اپنی سحر انگیز آواز میں اذان دی تھی جس نے ناصرف مسلمانوں پر بلکہ غیر مسلم مداحوں پر بھی اپنی رقت طاری جاری کردی تھی۔

یاد رہے کہ کوک اسٹوڈیو نے اِس سے قبل بھی عاطف اسلم سمیت دیگر نامور گلوکاروں کی آواز میں خوبصورت حمد باری تعالیٰ اور نعتیں جاری کی ہیں جنہیں خوب پذیرائی بھی حاصل ہوئی ہے۔

گزشتہ سال آنے والے کوک اسٹوڈیو کے بارہویں سیزن کا آغاز عاطف اسلم کی آواز میں پڑھی گئی حمد ’وہی خدا ہے‘ سے کیا گیا تھا۔

’وہی خدا ہے‘

کاک اسٹوڈیو کے آٹھویں سیزن میں عاطف اسلم نے معروف قوال غلام فرید صابری کی مشہور قوالی ’تاجدارِ حرم‘ کو ایک منفرد انداز میں مداحوں کے لیے پیش کیا تھا۔

’تاجدارِ حرم‘