سونم کپور کا سُپر ہیرو کون ہے؟

May 21, 2020


بھارتی فلم اسٹار سونم کپور نے اپنے سُپر ہیرو کے بارے میں اپنے مداحوں کو آگاہ کردیا۔

حال ہی میں سونم کپو نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے بچپن کی یادگار تصویر شیئر کی جس میں اُن کے ہمراہ اُن کی چھوٹی بہن ریہا کپور بھی ہیں۔


انسٹاگرام پر شیئر کردہ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سونم کپور نے سُپر ہیرو ’بیٹ مین‘ کا کاسٹویم زیب تن کیا ہوا ہے اور وہ اپنی بہن کے ساتھ خوشی سے اُچھلتی ہوئی نظر آرہی ہیں۔

اداکارہ نے اِس تصویر کو شیئر کرتے ہوئے اپنے بچپن کا مزاحیہ قصّہ بیان کیا کہ ’میں اتنی بیوقوف تھی کہ بغیر کسی کاسٹیوم پارٹی کے میں نے یہ ’بیٹ مین ‘ کا لباس پہنا ہوا تھا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اِس لباس کو پہننے کی وجہ یہ تھی کہ بیٹ مین میرا پسندیدہ سُپر ہیرو ہے۔‘

سونم کپور نے کہا کہ ’مجھے اپنی بہن کے ساتھ اُچھلنا کُودنا بہت اچھا لگتا تھا۔‘

سونم کپور نے اِس بات کا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ ’تصویر میں میری ٹی شرٹ پر جو بیٹ مین کا ’لوگو‘ نظر آرہا ہے دراصل وہ میری بیٹ مین کیٹ کا لوگو تھا جسے میں اپنی مختلف کالی ٹی شرٹس پر لگا کر بیٹ مین کاسٹیوم بنالیتی تھی۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اِس سے واضح ہوتا تھا کہ مجھ میں تخلیقی صلاحیتیں موجود ہیں۔‘

یاد رہے کہ سونم کپور کا شمار بالی ووڈ کی نامور اداکاراؤں میں ہوتا ہے، وہ اپنے بہترین اداکاری سے قومی ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ سمیت کئی اعزازات اپنے نام کرچکی ہیں۔

سونم کپور کی مشہور فلموں میں سنجو، پریم رتن دھن پایو، خوبصورت، موسم، بھاگ ملکھا بھاگ سمیت دیگر فلمیں شامل ہیں۔