پنجاب، آج سے بازار، شاپنگ مالز رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت

May 22, 2020

پنجاب، آج سے بازار، شاپنگ مالز رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت

لاہور(نمائندہ جنگ) حکومت پنجاب نے آج (جمعہ) سے چاند رات تک بازار ، شاپنگ مالز رات 10بجے تک کھولنے کی اجازت دیدی ہے جبکہ مزارات بھی کھول دیئے گئے ہیں تاہم وہ اوقات کار سے مستثنیٰ ہوں گے ۔وزیر تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی منظوری کے بعد کاروبار کھولنے کے اوقات میں اضافے کا باضابطہ اعلان کردیا۔میاں اقبال اسلم نے بتایا کہ اب شاپنگ مالز کے اوقات کار شام 5 بجے سے بڑھا کر رات 10 بجے تک کردئیے گئے ہیں، بازار اور مارکٹیں عید (چاند رات)تک رات دس بجے تک کاروبارکرسکیں گی۔وزیر تجارت پنجاب نے مزید کہا کہ کل سے صوبے بھرمیں مزارات بھی کھول دیئے جائیں گے، مزارات پر مذکورہ اوقات کار کا اطلاق نہیں ہوگا۔لاہورمیں داتا دربار سمیت تمام مزارات کھول دیئے گئے۔ محکمہ اوقاف نے ابتدائی طور پر داتا دربار کے تین دروازے عام زائرین کے لئے کھولے ہیں جبکہ مزار پر احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کروا کر حاضری دینے کی اجازت دی جا رہی ہے۔