برطانیہ میں کھیلوں، آرٹس انڈسٹری کی بحالی کیلئے نئی ٹاسک فورس قائم

May 23, 2020

لندن (نمائندہ جنگ) برطانیہ نے نئی ٹاسک فورس قائم کرنے کا اعلان کیا ہے جو کھیلوں اور آرٹس انڈسٹری کی جلد بحالی کیلئے کام کرےگی۔ اس بات کا اعلان کلچرل سیکرٹری اولیور ڈائوڈن نے پروفیسر اسٹیون پووس کے ہمراہ ڈائوننگ اسٹریٹ میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس ٹاسک فورس میں سابق فٹ بالر الیکس اسکاٹ، سابق آئی ٹی ای باس مائیکل ٹریڈ و دیگر شامل ہونگے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران مزید 363اموات کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 35ہزار 704ہوگئی۔ گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران ایک لاکھ 77ہزار 216ٹیسٹ کئے گئے، ان میں مزید 2ہزار472افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون کی موجودہ پابندیوں کے حوالے سے 28مئی کو غور ہوگا، وائرس کی دوسری وبا سے بچنے کیلئے محتاط انداز میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ اولیو ڈائوڈن نے کہا کہ غریب ممالک کو کورونا سے نمٹنے کیلئے قومی آمدنی کا 0.7فیصد حصہ دے رہے ہیں، وبا پھیلنے کے بعد نیک مقاصد کیلئے برطانوی عوام 800ملین پونڈ جمع کرچکی ہے۔ اسکول کھلنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ خود دو بچوں کے باپ ہیں اور اسکول اسی وقت کھولے جائیں گے جب ایسا کرنا مکمل محفوظ ہوگا۔ پروفیسر اسٹیون پووس نے کہا کہ معمول کی ہیلتھ کیئر سروس کی دستیابی میں چند ہفتوں سے چند ماہ بھی لگ سکتے ہیں لیکن خطرناک بیماریوں کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً این ایچ ایس سے رابطہ کیا جائے۔