طیارہ حادثے کے باعث عید سادگی سے منائیں گے، اجمل وزیر

May 23, 2020

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا اجمل وزیر نے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طیارہ حادثے کے باعث خیبر پختونخوا حکومت نے عید سادگی سے منانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم طیارہ حادثے کے شہدا کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

اجمل وزیرنے کہا کہ کورونا ہیلپ لائن پر ایک لاکھ سے زائد کالز آئیں، کورونا کے بعد اپنی جانوں کی پرواہ نہیں کی عوام کے تحفظ کے لیے اسپتال گئے۔

اُنہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی قیادت میں فرنٹ لائن پر ہیں، ایس او پیز پر عمل درآمد کیا تو ہم کورونا کو شکست دے سکیں گے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ عید پر سماجی فاصلے نہ رکھے گئے تو نتائج اچھے نہیں ہوں گے، حکومت مجبوراً سختی کرے گی، اسی لیے عوام سے اپیل ہے کہ عید پر احتیاط کریں۔

اجمل وزیر نے کہا کہ اٹلی جیسے ملک میں ہیلتھ سسٹم چوک ہوگیا اللّہ کے کرم سے پاکستان میں ایسا نہیں ہوا۔

اُنہوں نے کہا کہ عید کا موقع ہمارے لیے امتحان ہے، احتیاطی تدابیر پر عمل کیا تو کورونا کو شکست دیں گے۔

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ عوام کو کورونا کے خلاف جدوجہد میں ساتھ دینا پڑے گا۔

اجمل وزیر کا مزید کہنا تھا کہ چاند رات پر ہوائی فائرنگ ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔