کراچی طیارہ حادثہ: کپتان نے کریش سے پہلے لینڈنگ کی کوشش کی

May 23, 2020

کراچی طیارہ حادثہ: کپتان نے کریش سے پہلے لینڈنگ کی کوشش کی

سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کے کپتان نے کریش ہونے سے پہلے لینڈنگ کی کوشش کی لیکن پہیے نہیں کھلے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پہیے نہ کھلنے کی وجہ سے جہاز کے انجن 3 مرتبہ رن وے سے ٹکرائے، انجن سے چنگاریاں بھی نکلیں۔

ذرائع نے بتایا کہ انجن کے رن وے سے ٹکرانے کے نشانات بھی موجود ہیں، طیارے کے انجن کے کچھ ٹکڑے بھی ملے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ انجن میں خرابی کے باعث بار بار وارننگ دینے پر کپتان نے مین وارننگ سسٹم آف کردیا، اس لیے کپتان کو علم ہی نہیں ہوسکا کہ جہاز کا لینڈنگ گیئر کام ہی نہیں کررہا ہے۔

حادثے میں بچ جانے والے مسافر محمد زبیر نے بتایا تھا کہ جہاز تھوڑا سا رن وے پر چلا پھر پائلٹ نے جہاز اوپر اڑا لیا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ 10 سے 15 منٹ جہاز اوپر ہی رہا پھر پائلٹ نے دوبارہ لینڈنگ کی کوشش کی، لیکن دو سے تین منٹ بعد طیارہ کریش کرگیا۔