بلوچستان: کورونا کے مزید 108 کیس رپورٹ

May 24, 2020

بلوچستان میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 108 کیس رپورٹ ہونے کے بعد صوبے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 3306 ہوگئی جبکہ کورونا وائرس کے 98 مزید مریض صحت یاب ہونے کے بعد یہ تعداد 860 ہوگئی۔

محکمہ صحت بلوچستان کے کورونا وائرس آپریشن سیل کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق صوبے میں ہفتہ کو کورونا وائرس کے مزید 108 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک متاثرہ مریضوں کی تعداد 3306 ہوگئی ہے جن میں سے 95 فیصد یعنی 3150 مقامی طور پر وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ان افراد میں سے 2698 کا تعلق کوئٹہ، 120 کا قلعہ عبداللہ، 107 کا پشین، 38 کا قلعہ سیف اللہ جبکہ 34 کا تعلق جعفرآباد سے ہے ۔صوبے میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 39 ہے۔

رپورٹ کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے 26 فیصد مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ اس وقت 2401 مریض زیر علاج ہیں جبکہ 150 افراد کے ٹیسٹ کے نتائج آنے باقی ہیں۔