عید الفطر کے موقع پر عوام احتیاطی تدابیر پر عمل کریں،حسنین ہاشمی

May 24, 2020

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل جنرل سیکرٹری سید حسنین ہاشمی نے کہا ہے کہ عید الفطر کے موقع پر عوام زیادہ سے زیادہ احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کریں تاکہ کورونا وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے ، عوام ایک دوسرے کے گھروں میں جاکر عید کی مبارکباد دینے کی بجائے سوشل میڈیا اور ٹیلی فون پر مبارکباد دیں تاکہ کورونا جیسی وبا سے بچا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جسے احتیاطی تدابیر اور ایس او پیز پر عملدرآمد کرکے ہی روکا جاسکتا ہے ۔ عوام اور علماء کرام عید کے اجتماعات میں سماجی فیصلے پر زیادہ سے زیادہ عمل کریں تاکہ عوام کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ عید الفطر ایک مذہبی تہوار ہے جسے کورونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اس سال عوام سادگی سے منائیں اور ایک دوسرے کو گھروں میں جاکر عیدالفطر کی مبارکباد دینے کی بجائے گھروں میں رہ کر سوشل میڈیا اور ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دیں تاکہ انکے اہلخانہ اور رشتہ دار کورونا وائرس سے محفوظ رہ سکیں ۔