وزیر اعظم ترک ڈرامے دیکھ کر نتھیا گلی کی سیر کر رہے ہیں، زاہد خان

May 25, 2020

ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے، ٹارگٹ کلنگ پھر سے شروع ہے، طیارے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، اور ایسے میں ملک کا وزیر اعظم ترک ڈرامے دیکھ کر نتھیا گلی کی سیر کر رہا ہے۔

ترجمان عوامی نیشنل پارٹی زاہد خان نے اپنے بیان میں کہا کہ کورونا وباء تشویشناک حد تک بڑھ گئی ہے، کراچی میں طیارے کا افسوسناک حادثہ ہوا اور ایسے میں ملک کا سلیکٹڈ وزیراعظم نتھیا گلی میں گھوم رہا ہے۔

کراچی میں سول ایوی ایشن اور چیئرمین پی آئی اے کی غفلت سے طیارہ گرا، عید پر ملک صدمے سے نڈھال رہا اور عمران خان نیازی ترک ڈرامے دیکھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سرحد پر کشیدگی ہے، ایل او سی پر فائرنگ ہورہی ہے، وزیراعظم پہاڑوں پرتفریح کر رہا ہے۔ ملک کے اندر سیکیورٹی خدشات ہیں، ٹارگٹ کلنگ پھر شروع ہوگئی ہے۔

خیبرپختونخوا میں باجوڑ، سوات اور وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات ہوئے ہیں۔ طالبان پھر سے زندہ ہوگئے ہیں، ملک اور قوم تباہی کے دہانے پر ہے۔

انہوں نے کہاکہ وفاق، این ایف سی ایوراڈ اور اٹھاوریں ترمیم کے خلاف سازشیں ہورہی ہیں، شیخ رشید جیسے بندے کو اپوزیشن کو ڈرانے دھمکانے کیلئے آگے کیا ہوا ہے۔