طیارہ حادثہ: ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، غلام سرور خان

May 25, 2020

طیارہ حادثہ: ذمہ داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا، غلام سرور خان

پی آئی اے طیارہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور نے کہا ہے کہ کم سے کم وقت میں رپورٹ سامنے لائی جائے گی، ذمے داروں کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں طیارہ حادثے کے معاملے پر افواہیں نہ پھیلائیں اور انویسٹی گیشن کا انتظار کریں، ان کا کہنا تھا کہ وعدہ کرتا ہوں اس کیس کی انکوائری ہوگی، عوام اورپارلیمنٹ کے سامنے رپورٹ پیش کی جائے گی۔

راولپنڈی میں نماز جنازہ میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر غلام سرور خان نے مزید کہا کہ طیارہ کریش کی انکوائری کے لیے فرانس اور جرمن حکام کراچی پہنچ چکے ہیں۔

وزیر ہوابازی کا مزید کہنا تھا کہ انکوائری کا ٹائم نہیں دے سکتا لیکن کم سے کم وقت میں رپورٹ آئے گی اور میں خود اعلان کروں گا، جو اس واقعہ میں ذمہ دار ہیں ان کو منطقی انجام تک پہنچانا میری ذمہ داری ہے۔

واضح رہے کہ 22 مئی کو کراچی میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کا طیارہ ایئرپورٹ سے کچھ دوری پر حادثے کا شکار ہوگیا تھا۔

حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں سوار 99 افراد میں سے 97 افراد شہید ہوگئے تھے جبکہ 2 افراد محفوظ رہے تھے۔