طیارہ حادثہ، 67 افراد کے DNA سیمپل حاصل

May 26, 2020

جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب کا کہنا ہے کہ کراچی میں پیش آنے والے طیارہ حادثے میں اب تک جاں بحق 67 افراد کے اہلِ خانہ نے ڈی این اے کے نمونے دے دیے ہیں۔

ڈی این اے لیب جامعہ کراچی کے اعلامیے کے مطابق دیگر شہروں سے اہلِ خانہ کے نمونے بھی تاخیر سے ملے ہیں۔

جامعہ کراچی کی ڈی این اے لیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ اب بھی جو اہلِ خانہ ڈی این اے کے لیے نمونے دینا چاہیں ہم وصول کریں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں جمعہ 22 مئی کو پیش آنے والے طیارہ حادثے کے جاں بحق افراد کی میتوں کی شناخت کے لیے جامعہ کراچی میں ڈی این اے سیمپل کے لیے ڈیسک قائم کی گئی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے کے لیے جاں بحق افراد کے ورثاء موبائل فون نمبر 03422762024 اور لیب کے رابطہ نمبر 111222292 پر کال کر سکتے ہیں۔

یہ بھی دیکھئے

یاد رہے کہ جمعے کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: جامعہ کراچی میں ڈی این اے ٹیسٹ شروع

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔