• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: جامعہ کراچی لیب کو 40 DNA سیمپل موصول

کراچی میں گزشتہ روز پیش آنے والے طیارہ حادثے کے جاں بحق افراد کی میتوں کی شناخت کے لیے جامعہ کراچی میں ڈی این اے سیمپل کے لیے ڈیسک قائم کی گئی ہے۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تک 6 فیملیز نے خون کے نمونے جمع کرائے تھے، اس وقت بھی نمونے حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔

انتظامیہ کے مطابق جامعہ کراچی فرانزک لیب کو اب تک جاں بحق 40 افراد کے لواحقین کے ڈی این اے سیمپل موصول ہو چکے ہیں۔

جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 77 میتوں کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ 97 جاں بحق افراد میں سے 20 کی شناخت پہلے ہی کی جا چکی ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ڈی این اے کے لیے جاں بحق افراد کے ورثاء موبائل فون نمبر 03422762024 اور لیب کے رابطہ نمبر 111222292 پر کال کر سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، 12 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین